بنگلورو۔27/ستمبر(ایس او نیوز) شہر کے ہائی گراؤنڈ پولیس تھانہ کے حدود میں آنے والے وسنت نگر میں کل صبح ہوئے ساس بہو کے جڑواں قتل کے معاملے میں ہائی گراؤنڈ پولیس نے شبہ کی بنیاد پر پانچ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔وسنت نگر کے ملرس روڈ کے ساکن سمپت راج کے مکان میں کل صبح ان کی بیوی اور بہوکا بہیمانہ قتل کردیاگیا۔ گھر اور آس پاس موجود سی سی ٹی وی کیمروں سے پولیس کو جو مناظر برآمد ہوئے ہیں ان کا جائزہ لینے کے بعد پولیس جانچ کو آگے بڑھانے میں لگی ہوئی ہے۔ اس جڑواں قتل کے سلسلے میں پولیس نے پڑوسیوں سے پوچھ تاچھ کرکے کافی جانکاری حاصل کی ہے۔ پولیس نے یہ جاننے کی کوشش کی کہ ان دونوں کو کس نے اور کیوں قتل کیاہوگا؟ تاہم ابھی تک اسے ان سوالوں کا جواب مل نہیں پایا ہے۔ اعلیٰ پولیس افسران نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ جان پہچان والوں نے ہی یہ کام کیا ہوگا۔ ملزمین کی گرفتاری کیلئے چار خصوصی ٹیموں کی تشکیل دی گئی۔ ان ٹیموں نے شبہ کی بنیاد پر پانچ افراد کو تحویل میں لے لیا ہے اوران سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ آج بورنگ اسپتال میں دونوں نعشوں کا پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد انہیں رشتہ داروں کے حوالے کردیاگیا۔سمپت راج اور اس کے بیٹے دنیش سے پوچھ تاچھ کرکے پولیس مزید معلومات یکجا کرنے میں لگی ہوئی ہے۔ بتایاجاتاہے کہ راجستھان کے متوطن مارواڈی سمپت راج نے چالیس سال قبل بنگلور میں سکونت اختیار کی تھی، وہ شہر کے بلے پیٹ میں کمیکلس کی دکان چلا رہا ہے۔اس کا کاروبار کروڑوں میں ہے۔ کل صبح سمپت راج اپنے بیٹے دنیش کے ساتھ حسب معمول دکان کیلئے نکل پڑا۔ دنیش کی دو بچیاں بھی اسکول کیلئے نکل پڑیں۔ گھر پر سمپت راج کی بیوی سنتوش بائی اور بہو لتا ایک سالہ بچے کے ساتھ تھے۔ حملہ آوروں نے ساس بہو کا قتل کرکے راہ فرار اختیار کرلی۔اسکول سے جب دنیش کی لڑکی واپس لوٹی تو گھر میں دو دو قتل دیکھ کر اس نے شور مچایا اور پڑوسیوں کو مطلع کیا۔ حملہ آوروں نے گھر سے کوئی چیز نہیں چرائی ہے جس کی وجہ سے پولیس نے کئی طرح کے شکوک وشبہات ظاہر کئے ہیں۔